ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کیا سماج وادی پارٹی میں مصالحت ہوگئی؟ امر سنگھ کے اخراج پر اڑگیا اکھلیش خیمہ، باپ بیٹے کو ملانے میں اعظم خان نے ادا کیا اہم رول

کیا سماج وادی پارٹی میں مصالحت ہوگئی؟ امر سنگھ کے اخراج پر اڑگیا اکھلیش خیمہ، باپ بیٹے کو ملانے میں اعظم خان نے ادا کیا اہم رول

Sun, 01 Jan 2017 02:00:03    S.O. News Service

لکھنو 31/ دسمبر (ایس او نیوز/ ایجنسی) سماج وادی پارٹی سے پہلے اکھلیش-رام گوپال کا اخراج پھر چند ہی گھنٹوں میں واپسی کے بعد یوپی میں گزشتہ دو دنوں سے چل رہے ہائی وولٹیج سیاسی ڈراما  فی الحال ختم ہوتا نظر آرہا ہے. پچھلے دو تین دنوں میں تیزی سے بدلتے واقعات سے اکھلیش یادو پہلے سے بھی زیادہ طاقتور بن کر ابھرے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اکھلیش خیمہ اب اپنے مطالبات پر اڑ گیا ہے. ان مطالبات میں ٹکٹ تقسیم میں اکھلیش کا اہم کردار اور امر سنگھ کا پارٹی سے اخراج شامل ہے.

کیا شیو پال کے پر کترے جائیں گے ؟

ذرائع کے مطابق اکھلیش خیمہ چاہتا ہے کہ پارٹی میں نہ صرف شیو پال یادو کے پر کترے جائیں بلکہ امر سنگھ کو بغیرکسی تاخیر کئے پارٹی سے باہر کا راستہ دکھایا جائے. اکھلیش خیمہ چاہتا ہے کہ شیو پال کو ریاستی صدر کے عہدہ سے ہٹا دیا جائے، اکھلیش کو قومی صدر کی ذمہ داری دینے پر سنجیدگی سے غور ہو. اکھلیش خیمہ ملائم کو پارٹی کے سرپرست کے کردار میں دیکھنا چاہتا ہے. اتنا ہی نہیں، ایس پی کے امیدواروں کی فہرست کا جائزہ لیا جاسکتا ہے اور دوسری فہرست جاری ہو سکتی ہے. اکھلیش خیمہ چاہتا ہے کہ اسمبلی انتخابات میں ٹکٹ کسے دیا جائے، اس میں ملائم اور اکھلیش کے علاوہ کسی کا کوئی رول نہ ہو.

امر سنگھ کو پارٹی سے نکالنے کا مطالبہ

اکھلیش حامی اب امر سنگھ کو پارٹی سے نکالنے پر اڑ گیا ہے. پچھلی بار جب ملائم خاندان میں کھٹ پٹ ہوئی تھی تو خود اکھلیش نے امر سنگھ کا نام لے کر انہیں خاندان میں تنازعہ کا ذمہ دار بتایا تھا. اس بار پارٹی میں صلح تو ہو گئی لیکن امر سنگھ پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی. ایس پی سربراہ ملائم سنگھ یادو تب کھل کر امر سنگھ کے ساتھ کھڑے ہوئے تھے اور یہاں تک کہہ دیا تھا کہ امر کی بدولت ہی وہ ایک بار جیل جانے سے بچ گئے تھے. تاہم، اس بار اکھلیش خیمہ امر سنگھ کو پارٹی سے نکالے جانے پر اڑ گیا ہے.

امر کا بیان ان پر پڑ سکتا ہے بھاری

امر سنگھ نے ہفتہ کو سماج وادی پارٹی میں سب کچھ ٹھیک ہونے کے بعد ملائم سنگھ یادو کی تعریف کی تھی. انہوں نے کہا تھا کہ نیتا جی نے ایک بار پھر پکی سیاست کا ثبوت دیا ہے، انہوں نے دکھا دیا کہ وہ کبھی بھی اپنی پارٹی اور خاندان میں پھوٹ نہیں پڑنے دیں گے. تاہم ایک دن پہلے ہی امر سنگھ نے پورے واقعات پر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے اکھلیش کی تنقید کی تھی. امر نے جمعہ کو کہا تھا 'رام چندر کہہ گئے سیا سے، ایسا کل یگ آئے گا، بیٹا راج کرے گا اور باپ جنگل جائے گا.' ان کا یہ بیان ان کو بھاری پڑ سکتا ہے، کیونکہ اکھلیش خیمہ اس بار انہیں بخشے جانے کے موڈ میں نہیں ہے.

انتخابی ریلی میں تبدیل ہوگا کل کا اجلاس

ذرائع کے مطابق رام گوپال یادو کی طرف سے یکم جنوری کو بلایا گیا پارٹی کا ہنگامی قومی اجلاس اب انتخابی ریلی میں تبدیل ہو جائے گا. اس میں خود ملائم سنگھ یادو بھی حصہ لیں گے. اجلاس میں ملائم کے علاوہ اکھلیش اور اعظم خان خطاب کر سکتے ہیں. مانا جا رہا ہے کہ اسٹیج پر اکھلیش امر سنگھ پر حملہ بول سکتے ہیں اور انہیں پارٹی سے نکالنے کا مطالبہ کر سکتے ہیں.

اعظم خان کی پوزیشن ہوئی مزید مضبوط

سماج وادی پارٹی میں حالیہ درپیش واقعات سے جو شخص مزید مضبوط ہو کر ابھرا ہے، وہ اعظم خان ہیں. باپ بیٹے کے ملاپ کا محرک اعظم خان رہے. اعظم خان اور امر سنگھ کے تلخ رشتوں کی حقیقت بھی کسی سے پوشیدہ نہیں ہے. اکھلیش اور رام گوپال کی برطرفی واپس ہونے کے بعد اعظم خان نے کہا کہ سماج وادی پارٹی پوری طرح متحد ہے. انہوں نے کہا کہ پارٹی کو ملائم سنگھ یادو نے بنایا ہے اور وہ پارٹی کے 'باغباں' ہیں. اعظم نے کہا کہ پارٹی میں جو کچھ بھی چل رہا تھا اس کے نتیجے میں سب سے زیادہ فکر مند مسلمان تھے کیونکہ ایس پی کے کمزور ہونے کا فائدہ بی جے پی کو ملتا، مگر اب ایس پی دوبارہ متحد ہوگئی ہے اور اس لئے مسلمانوں کی بڑی تشویش ختم ہوگئی ہے۔


Share: